بنگلورو17؍جون(ایس او نیوز) وزیر ہاؤزنگ امبریش کو کابینہ سے بے دخل کرنے کی اطلاعات پر انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس خصوص میں اے آئی سی سی سربراہ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل اور لوک سبھا میں کانگریس قائد ملیکارجن کھرگے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اپنی برہمی ظاہر کی ہے۔کابینہ سے برطرفی کیلئے سدرامیا کے ذریعہ تیار فہرست میں امبریش کا نام بھی شامل بتایا گیا ہے،جس پر انہوں نے کابینہ سے برطرفی کیلئے انہوں نے اپنی بیوی سما لتا امبریش کو رکن کونسل بنانے کی شرط رکھی ہے۔ جبکہ اس معاملے پر خود امبریش نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ایسی کوئی شرط نہیں رکھی ہے۔ ان کے مطابق انہیں عرضی داخل کرنے پر کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے اپنی مرضی سے انہیں کابینہ میں شامل کیا تھا، اگر وہ انہیں بے دخل کریں گے تو بھی انہیں کسی بھی طرح کی مایوسی نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق وہ اگر کچھ مانگنا چاہیں تو دوسروں کیلئے مانگیں گے اپنے خاندان والوں کیلئے انہوں نے کبھی کچھ نہیں مانگا ہے۔ایسے میں بیوی کو رکن کونسل بنانے کی شرط رکھنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔